نئی دہلی، 28/ جولائی (ایس او نیوز /ایجنسی) وزیراعظم نریندر مودی کی صدارت میں نئی دہلی میں سنیچر کو منعقدہ نیتی آیوگ کی میٹنگ میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے شامل نہ ہونے پر بہار کی سیاست تیز ہوگئی ہے۔ نیتی آیوگ کی اس میٹنگ کااپوزیشن نے بائیکاٹ کیا تھا اور حسب اعلان کوئی شامل نہیں ہوا لیکن نتیش کمار کے شامل نہ ہونے پر چہ میگوئیاں ہونے لگی ہیں کہ کہیں وہ ایک بار پھر پالا بدلنے کی تیاری تو نہیں کررہےہیں۔
نتیش کمار کے نیتی آیوگ کی میٹنگ میں شامل نہ ہونے کی اصل وجہ اب تک سامنے نہیں آئی ہے لیکن باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ مرکز نے بہار کے تعلق سے بجٹ تجویز کو منظوری دے دی ہے، اس لئے وزیر اعلیٰ کو محسوس ہوا کہ اب میٹنگ میں جانے کی ضرورت نہیں ہے۔ دوسری جانب یہ بھی کہا جارہا ہے کہ بہار کو خصوصی ریاست کادرجہ نہیں ملنے سے نتیش کمار ناراض ہیں اور اس طرح انہوں نے اپنی ناراضگی ظاہر کی ہے۔ اس معاملے میں پارٹی کی جانب سے صفائی پیش کرتے ہوئے کہا گیاہے کہ ایسا پہلی بار نہیں ہے کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نیتی آیوگ کی میٹنگ میں شامل نہیں ہو ئے۔ اس سے قبل بھی وہ اس میں شامل نہیں ہوئے تھے۔
جے ڈی یو کے ترجمان کے سی تیاگی نے کہا کہ ذاتی وجوہات کی بنا پر نتیش کمار اس میٹنگ میں نہیں پہنچے۔ اس کے پس پردہ کوئی دوسری وجہ نہیں ہے۔ ہم تو بجٹ اورنیتی آیوگ کی میٹنگ سے کافی پرجوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیتی آیوگ ایک ایسا ادارہ ہے جو مرکزی حکومت او ریاستی حکومت کے درمیان بجٹ الاٹمنٹ کے مسائل کو حل کرتاہے۔ یہ ہمارے حقوق کا محافظ ہے۔ بدقسمتی کی بات ہے کہ کئی وزرائے اعلیٰ نے اس میٹنگ کا بائیکاٹ کیاہے جواُن کی ریاست کی ترقی کے لئے اہم ہے۔ اس سلسلے میں جے ڈی یو کے ریاستی ترجمان نیرج کمار نے کہا کہ بہار کے دونوں نائب وزرائےاعلیٰ سمراٹ چودھری اور وجے کمار سنہا اس میٹنگ میں شامل ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ بہار کے چار مرکزی وزراء بھی آیوگ کے اراکین ہیں جو اس میٹنگ میں شامل ہوئے۔اس لئے غیر ضروری اندازے لگانے کی ضرورت نہیں ہے۔ نیرج کمار نے کہا کہ نتیش کمار اس میٹنگ میں کیوں شامل نہیں ہوئے اس بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا۔بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ اور مرکزی وزیر سنجے سیٹھ نے کہا کہ ہمیں نتیش کمار کے اس میٹنگ میں شامل نہ ہونے کی وجہ نہیں معلوم ہے لیکن ہم سب متحد ہیں۔